چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ محسن نقوی نے کہا ہے کہ پی ایس ایل کو دنیا کی نمبر ون لیگ بنانا چاہتے ہیں، پی ایس ایل کے لیے نئی بڈ اوپن اور شفاف ہوگی۔

ایچ بی ایل پی ایس ایل کے لارڈز کرکٹ گراؤنڈ میں روڈ شو سے پینل گفتگو میں انہوں نے کہا کہ پی سی بی اور پی ایس ایل کی انتظامیہ مشترکہ طور پر کرکٹ کی بہتری کے لیے کام کر رہی ہیں، پی ایس ایل کو دنیا کی نمبر ون لیگ بنانا چاہتے ہیں، ہمارے قومی کرکٹرز میں بہت صلاحیت موجود ہے۔ پاکستان سپر لیگ میں نوجوان ٹیلنٹ کو اپنی صلاحیتیں نکھارنے کا موقع ملتا ہے، کھلاڑیوں کو ملنے والے انعامات سے ان کی حوصلہ افزائی ہوتی ہے، ہر قسم کے چیلنجز کا سامنا کرتے ہوئے ہم نے کرکٹ کی بہتری کے لیے کام کیا۔

محسن نقوی کا کہنا ہے کہ میرے لیے پاکستان سب سے پہلے ہے، پی ایس ایل میں سرمایہ کاری کرنے والوں کو خاطر خواہ فائدہ ملتا ہے۔ اسلام آباد میں کرکٹ سٹیڈیم بنانے جا رہے ہیں، ہر سٹیڈیم میں شائقین کے لیے میوزیکل کنسرٹ ہوگا، ہم امریکا کے شہر نیویارک میں بھی کرکٹ روڈ شو کرنے جا رہے ہیں، ہم بہت جلد او ٹی ٹی پلیٹ فارم فراہم کریں گے۔