ریلوے پولیس نے دیانت داری کی مثال قائم کر دی، کھویا ہوا بیگ مسافر کے حوالے

سفر کے دوران رہ جانے والا نقدی سے بھرا بیگ روہڑی میں مسافر کو واپس کر دیا گیا

ریلوے پولیس کراچی ڈویژن نے ایمانداری اور فرض شناسی کی اعلیٰ مثال قائم کرتے ہوئے ایک مسافر کی 38 لاکھ روپے کی رقم بحفاظت واپس کر دی۔ یہ واقعہ 26 دسمبر کو پیش آیا جب محسن مشتاق پاکستان ایکسپریس کے ذریعے کراچی سے ٹوبہ ٹیک سنگھ جا رہے تھے۔ حیدرآباد اسٹیشن پر ذاتی کام کے باعث اترنے کے دوران ٹرین روانہ ہوگئی اور مسافر کا نقدی سے بھرا بیگ ٹرین میں رہ گیا۔ دوران ڈیوٹی کانسٹیبل راؤ شریف کو بیگ ملا جسے فوری طور پر محفوظ کر لیا گیا۔ بعد ازاں مسافر نے ریلوے تھانے سے رجوع کیا، جس پر روہڑی اسٹیشن کے ہیلپ سینٹر میں سب انسپکٹر کی موجودگی میں مکمل شناخت، گنتی اور تصدیق کے بعد تقریباً 38 لاکھ روپے مسافر کے حوالے کر دیے گئے۔ یہ واقعہ پاکستان ریلوے پولیس کی ایمانداری اور عوامی خدمت کا واضح ثبوت ہے۔
