انٹرسٹی کرایوں میں 3 فیصد کمی — ٹرانسپورٹرز کا بڑا فیصلہ

سیکرٹری آر ٹی اے لاہور سے مذاکرات کے بعد فیصلوں کا اعلان — کراچی، حیدر آباد، ملتان، مری سمیت متعدد روٹس کے کرایوں میں واضح کمی

ٹرانسپورٹرز نے انٹرسٹی پبلک ٹرانسپورٹ کے کرایوں میں 3 فیصد کمی کا اعلان کر دیا ہے۔ کرایوں میں کمی سیکرٹری آر ٹی اے لاہور کے ساتھ ہونے والی میٹنگ کے بعد عمل میں آئی، جس کے تحت تمام بس کمپنیوں نے فوری طور پر نئے کرایہ نامے آویزاں کر دیے ہیں۔ فیصلے کے مطابق لاہور سے کراچی کا کرایہ 5150 روپے سے کم ہو کر 4950 روپے، اور حیدر آباد کا کرایہ 4800 سے کم ہو کر 4600 روپے کر دیا گیا ہے۔

اسی طرح ملتان کا کرایہ 1500 سے 1450 روپے، میانوالی کا 1800 سے 1750 روپے جبکہ مری کا 2370 سے کم ہو کر 2300 روپے مقرر کیا گیا ہے۔ سرگودھا جانے والے مسافروں کے لیے کرایہ 1160 سے 1130 روپے تک کم کیا گیا ہے۔ کرایوں میں کمی کے اس فیصلے سے مسافروں کو ریلیف ملنے کی توقع کی جا رہی ہے، خصوصاً طویل سفر کرنے والے شہریوں کے لیے یہ کمی خوش آئند قرار دی جا رہی ہے۔