خیبر پختونخوا میں خام تیل اور گیس کے نئے ذخائر دریافت — ملک میں توانائی کے ذخائر میں اضافہ

براگزئی ایکس ون کنویں سے یومیہ 4,100 بیرل تیل اور 10.5 ملین کیوبک فٹ گیس کی پیداوار متوقع — مقامی وسائل توانائی بحران میں کمی کا باعث بنیں گے

ملک میں توانائی کے شعبے کے لیے اہم پیش رفت سامنے آئی ہے اور خام تیل و گیس کے نئے ذخائر خیبر پختونخوا کے ضلع کوہاٹ کے نشپا بلاک میں دریافت کیے گئے ہیں۔ آئل اینڈ گیس ڈویلپمنٹ کمپنی (او جی ڈی سی) کے مطابق براگزئی ایکس ون کنویں سے روزانہ 4,100 بیرل تیل اور 10.5 ملین کیوبک فٹ گیس حاصل کی جا سکتی ہے، جبکہ کنویں کو 5,170 میٹر گہرائی تک ڈرل کیا گیا اور ڈاٹا فارمیشن میں 187 میٹر زون ہائیڈروکاربن کی کامیاب نشاندہی ہوئی ہے۔ نشپا بلاک میں او جی ڈی سی کا حصہ 65 فیصد، پی پی ایل کا 30 فیصد اور جی ایچ پی ایل کا 5 فیصد ہے. اس دریافت سے نہ صرف کمپنی کے آئل و گیس ذخائر میں اضافہ ہوگا بلکہ مقامی وسائل کے فروغ سے ملک میں توانائی کی طلب و رسد کے توازن میں بھی بہتری آئے گی۔
