کمشنر کراچی کا بڑا فیصلہ، روڈ اور فٹ پاتھ کٹنگ پر سیکشن 144 نافذ

حادثات میں اضافے کے پیش نظر یوٹیلیٹی سروسز کے نام پر کھدائی پر پابندی، نوٹیفکیشن جاری

کمشنر کراچی نے شہر بھر میں سڑکوں کی کھدائی اور روڈ کٹنگ پر دو ماہ کے لیے پابندی عائد کر دی ہے، جس کا باقاعدہ نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا گیا ہے۔ نوٹیفکیشن کے مطابق مختلف اداروں کی جانب سے یوٹیلیٹی سروسز کے لیے کی جانے والی کھدائی کے باعث شہر میں ٹریفک مسائل اور حادثات میں نمایاں اضافہ ہوا ہے۔
نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ اس سے قبل بھی روڈ اور فٹ پاتھ کٹنگ پر پابندی عائد کی گئی تھی، تاہم اس کے باوجود خلاف ورزیوں کی متعدد شکایات موصول ہوتی رہیں۔ شہریوں کی جان و مال کے تحفظ اور ٹریفک کی روانی کو برقرار رکھنے کے لیے روڈ کٹنگ پر سیکشن 144 کے تحت دو ماہ کے لیے پابندی نافذ کر دی گئی ہے۔

کمشنر کراچی کے مطابق تمام سرکاری و نجی اداروں اور افراد کو کسی بھی قسم کی کھدائی یا روڈ کٹنگ سے قبل شہری حکومت اور سندھ حکومت سے باقاعدہ اجازت حاصل کرنا لازم ہوگا۔ خلاف ورزی کی صورت میں متعلقہ قوانین کے تحت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔