پاکستانی شہری سے شادی کرنے والی بھارتی خاتون سربجیت کور کو واہگہ بارڈر پر بھارتی حکام کے حوالے کر دیا گیا

ویزا کی مدت ختم ہونے کے بعد قیام پر قانونی کارروائی، پریڈ کے بعد حوالگی کا عمل مکمل ، پاکستانی شہری سے پسند کی شادی کرنے والی بھارتی خاتون سربجیت کور کو بھارت واپس بھیجنے کے لیے واہگہ بارڈر پہنچا دیا گیا ہے۔ امیگریشن اور سیکیورٹی حکام کے مطابق سرحدی پریڈ کے بعد سربجیت کور کو واہگہ کے راستے بھارتی حکام کے حوالے کر دیا جائے گا۔

ذرائع کے مطابق سربجیت کور 4 نومبر کو سکھ یاتریوں کے ایک جتھے کے ہمراہ پاکستان آئی تھیں، جن کا ویزا 13 نومبر تک کارآمد تھا، تاہم ویزے کی مدت ختم ہونے کے باوجود وہ بھارت واپس نہیں گئیں۔ ویزا قوانین کی خلاف ورزی پر متعلقہ قانونی کارروائی مکمل کرنے کے بعد انہیں وطن واپس بھیجنے کا فیصلہ کیا گیا۔

حکام کا کہنا ہے کہ تمام قانونی اور سفارتی تقاضے پورے کرتے ہوئے حوالگی کا عمل انجام دیا جا رہا ہے، جبکہ سرحد پر دونوں ممالک کے متعلقہ اداروں کے درمیان رابطہ بھی مکمل ہے۔