وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کا کراچی کو دنیا کے بہترین شہروں جیسا بنانے کا عزم، ایف ڈبلیو او کے ساتھ شراکت داری کا فیصلہ

443 سڑکوں کی تعمیر، فلائی اوورز، انڈر پاسز اور ٹریفک مینجمنٹ کے 9 بڑے منصوبے، مارچ 2026 سے کام شروع ہوگا ، وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کراچی کی ترقی کے لیے 84 ارب 79 کروڑ 60 لاکھ روپے کے بڑے ترقیاتی پیکج کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ کراچی کی ترقی دنیا کے بہترین شہروں سے کم نہیں ہونی چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ کراچی کے لیے 26 ارب 20 کروڑ روپے کی مزید رقم کی منظوری دے دی گئی ہے اور شہر کی مجموعی ترقی کے لیے جامع منصوبہ نافذ کیا جائے گا۔

وزیراعلیٰ سندھ سے فرنٹیئر ورکس آرگنائزیشن (ایف ڈبلیو او) کے وفد نے ملاقات کی، جس کی قیادت ایف ڈبلیو او کے ڈی جی میجر جنرل عبدالسمیع نے کی۔ ملاقات میں فیصلہ کیا گیا کہ ایف ڈبلیو او، محکمہ بلدیات اور کراچی میٹروپولیٹن کارپوریشن (کے ایم سی) کے افسران فوری طور پر منصوبوں کی ڈیزائننگ کا عمل شروع کریں گے۔
مراد علی شاہ نے بتایا کہ کراچی کے مختلف علاقوں میں 443 اندرونی سڑکوں کی تعمیر کی جائے گی جبکہ ٹریفک مینجمنٹ کے لیے 9 منصوبے تیار کیے گئے ہیں۔ کے ایم سی کی 26 سڑکوں کی تعمیر، 7 سڑکوں کی بیوٹیفکیشن، پارکس، فلائی اوورز اور اہم شاہراہوں کی بہتری کے منصوبے بھی شامل ہیں۔

اہم منصوبوں میں ایم 9 جناح ایونیو سے شارع فیصل تک سڑک کی تعمیر، ملیر ہالٹ پر انڈر پاس، ایئرپورٹ سے اسٹار گیٹ تک فلائی اوور، وائی جنکشن سے مچھلی چوک اور ہاکس بے روڈ کی تعمیر شامل ہے۔ اس کے علاوہ مسرور بیس سے ٹرک اسٹینڈ تک سڑک اور سہراب گوٹھ پر فلائی اوور کی تعمیر بھی منصوبے کا حصہ ہے۔
وزیراعلیٰ سندھ نے ہدایت کی کہ تمام منصوبوں کی ڈیزائننگ اور یوٹیلٹیز کی منتقلی فروری تک مکمل کی جائے جبکہ مارچ 2026 سے باقاعدہ تعمیراتی کام شروع کر دیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ سہراب گوٹھ کراچی کا گیٹ وے ہے اور وہاں فلائی اوور کی تعمیر سے ٹریفک کے شدید دباؤ میں نمایاں کمی آئے گی۔