وزیر داخلہ سندھ ضیاء الحسن لنجار کا اعلان: کچے کے علاقوں میں بڑے پیمانے پر آپریشن، ڈاکوؤں کو نیست و نابود کیا جائے گا

سندھ پولیس اور رینجرز آپریشن میں شریک، پنجاب پولیس کی مدد بھی لی جائے گی، ہتھیار ڈالنے والوں کو موقع دیا جائے گا ، وزیر داخلہ سندھ ضیاء الحسن لنجار نے اعلان کیا ہے کہ کچے کے علاقوں میں ڈاکوؤں کے خلاف آج سے بڑے پیمانے پر آپریشن کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ سکھر میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جو ڈاکو خود کو ’’چیمپئن‘‘ سمجھتے ہیں، ان کے خلاف سخت اور فیصلہ کن کارروائی کی جائے گی، جبکہ ہتھیار ڈالنے والوں کو قانون کے مطابق موقع دیا جائے گا۔

وزیر داخلہ سندھ کا کہنا تھا کہ اس مرحلے پر آپریشن میں فوج کی ضرورت نہیں، سندھ پولیس کی قیادت میں رینجرز بھی کارروائی میں حصہ لے رہی ہیں جبکہ ضرورت پڑنے پر پنجاب پولیس کی معاونت بھی حاصل کی جائے گی۔ انہوں نے واضح کیا کہ کچے کے علاقوں میں ڈاکوؤں کا مکمل خاتمہ حکومت کی اولین ترجیح ہے۔

ضیاء الحسن لنجار نے مزید کہا کہ سندھ میں اب کسی بھی جگہ حفاظتی کانوائے نہیں چل رہے، جس سے امن و امان کی صورتحال میں بہتری ظاہر ہوتی ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ کچے کے علاقوں میں امن بحال کر کے شہریوں کو تحفظ فراہم کیا جائے گا اور جرائم پیشہ عناصر کو کسی صورت بخشا نہیں جائے گا۔