چیئرمین جیولرز مینوفیکچررز ایسوسی ایشن محمد ارشد کا انکشاف: سونے کی قیمت میں 2 ہزار ڈالر فی اونس اضافہ

چین اور دیگر ممالک کی تیز خریداری قیمتوں میں اضافے کی بڑی وجہ، 2026 میں مزید مہنگائی کا امکان ، چیئرمین جیولرز مینوفیکچررز ایسوسی ایشن محمد ارشد نے کہا ہے کہ رواں مالی سال کے دوران عالمی سطح پر سونے کی فی اونس قیمت میں تقریباً 2 ہزار ڈالر کا تاریخی اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے، جس کے باعث نہ صرف پاکستان بلکہ دنیا بھر میں سونے کے زیورات کی خریداری تقریباً ختم ہو چکی ہے۔

ایک انٹرویو میں محمد ارشد کا کہنا تھا کہ سونے کی قیمتوں میں اضافے کی ایک بڑی وجہ چین اور دیگر ممالک کی جانب سے تیزی سے سونے کی خریداری ہے، جس کے باعث عالمی مارکیٹ میں قیمتیں مسلسل بڑھ رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اگر عالمی معیشت میں استحکام آتا ہے، سود کی شرحیں بلند رہتی ہیں اور امریکی ڈالر مضبوط ہوتا ہے تو سونے کی قیمتوں میں تیزی کسی حد تک کم ہو سکتی ہے۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے بتایا کہ قیامِ پاکستان سے آج تک سونے کی قیمت میں کبھی کمی نہیں آئی اور نئے سال 2026 میں بھی سونے کی قیمت میں مزید اضافے کا قوی امکان ہے۔ محمد ارشد کے مطابق سونے کے ساتھ ساتھ ملک میں چاندی کا مستقبل بھی روشن ہے اور سرمایہ کاری کے لیے اس شعبے میں اچھے مواقع موجود ہیں۔