امریکی قونصل جنرل اسٹیٹسن سینڈرز کی سیکرٹری داخلہ پنجاب سے ملاقات، مستقبل میں تعاون کے مزید مواقع تلاش کرنے کا اعلان

پنجاب میں امن و امان، جدید سیکیورٹی اقدامات اور جیل اصلاحات پر تفصیلی تبادلۂ خیال

امریکی قونصل جنرل اسٹیٹسن سینڈرز نے سیکرٹری داخلہ پنجاب ڈاکٹر احمد جاوید قاضی سے محکمہ داخلہ پنجاب میں وفد کے ہمراہ ملاقات کی، جس میں صوبے میں امن و امان کی بہتر صورتحال، سیکیورٹی اداروں کی پیشہ ورانہ صلاحیت اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلۂ خیال کیا گیا۔ ڈاکٹر احمد جاوید قاضی نے کہا کہ حکومت پنجاب جدید ٹیکنالوجی اور تکنیکی تربیت کے ذریعے صوبے بھر میں سیکیورٹی کو مزید مؤثر بنا رہی ہے، جبکہ بین الصوبائی بارڈر سیکیورٹی کے لیے 14 جدید چیک پوسٹس زیرِ تعمیر ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ معاشرے کے کمزور طبقات کا تحفظ وزیراعلیٰ پنجاب کی اولین ترجیح ہے اور اسی مقصد کے تحت امام مسجد صاحبان کے لیے ماہانہ اعزازیہ پروگرام اور جیل اصلاحات پر کام جاری ہے۔ امریکی قونصل جنرل اسٹیٹسن سینڈرز نے لاہور آمد پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک کی سلامتی کے لیے مستقبل میں تعاون کے مزید مواقع تلاش کیے جائیں گے۔ ملاقات کے دوران امریکی وفد کو پنجاب کی جیلوں میں اسیران کی تیار کردہ اعلیٰ معیار کی مصنوعات بھی دکھائی گئیں۔