میزورم سے تعلق رکھنے والے سابق رانجی ٹرافی کرکٹر لعل ریموراتا دورانِ میچ انتقال کر گئے

خالد میموریل سیکنڈ ڈویژن ٹورنامنٹ کے میچ کے دوران اچانک گرنے سے 38 سالہ کرکٹر جانبر نہ ہو سکے

بھارت کی ریاست میزورم سے تعلق رکھنے والے سابق فرسٹ کلاس اور رانجی ٹرافی کرکٹر لعل ریموراتا میچ کے دوران اچانک زمین پر گرنے کے بعد انتقال کر گئے۔ 38 سالہ کرکٹر خالد میموریل سیکنڈ ڈویژن اسکریننگ ٹورنامنٹ میں وینگھنوائی رائڈرز کرکٹ کلب کی نمائندگی کر رہے تھے، جہاں ان کا مقابلہ چاونپوئی کرکٹ کلب سے تھا۔

واقعے کے فوراً بعد کرکٹر کو ابتدائی طبی امداد فراہم کی گئی اور اسپتال منتقل کیا گیا، تاہم وہ جانبر نہ ہو سکے۔ افسوسناک واقعے کے بعد اسٹیٹ کرکٹ ایسوسی ایشن نے احتراماً تمام طے شدہ میچز منسوخ کر دیے۔ کرکٹ حلقوں میں اس اچانک انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا جا رہا ہے۔