جامعہ پشاور اساتذہ کی تنخواہوں پر احتجاج، امیر مقام کی صوبائی حکومت پر سخت تنقید

تعلیمی ادارے مالی بحران کا شکار، پی ٹی آئی کی 13 سالہ حکومت ناکام ثابت ہوئی، وفاقی وزیر کا بیان

وفاقی وزیر امور کشمیر، گلگت بلتستان و سیفران اور مسلم لیگ (ن) خیبر پختونخوا کے صدر انجینئر امیر مقام نے جامعہ پشاور کے اساتذہ کی تنخواہوں کے لیے جاری احتجاج پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے صوبائی حکومت اور وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا کی ترجیحات پر کڑی تنقید کی ہے۔ اے پی پی کے مطابق اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ صوبے کی سب سے بڑی جامعہ کے اساتذہ اپنے جائز حقوق کے لیے سڑکوں پر ہیں جبکہ وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا کراچی کے سیاسی دوروں میں مصروف ہیں

امیر مقام نے سوال اٹھایا کہ جب تعلیمی ادارے مالی بحران کا شکار ہوں اور اساتذہ کو تنخواہیں نہ مل رہی ہوں تو وزیراعلیٰ کا صوبہ چھوڑ کر دیگر شہروں میں سیاسی سرگرمیوں میں مصروف رہنا ناقص طرزِ حکمرانی کی عکاسی کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ خیبر پختونخوا میں پی ٹی آئی کی 13 سالہ حکومت نے صوبے کو مسائل کے انبار کے سوا کچھ نہیں دیا، جبکہ تعلیم، صحت، روزگار اور امن و امان جیسے بنیادی شعبے بدترین زبوں حالی کا شکار ہو چکے ہیں۔