اسلام آباد کے سیکٹر جی سیون ٹو میں شادی والے گھر میں سلنڈر دھماکے کے نتیجے میں دلہا اور دلہن سمیت 6 افراد جاں بحق ہوگئے جبکہ 9 افراد زخمی ہو گئے۔ دھماکا اس وقت ہوا جب گھر میں شادی کی تقریب جاری تھی اور مہمان موجود تھے۔

ڈپٹی کمشنر اسلام آباد کی ہدایت پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل صاحبزادہ یوسف موقع پر پہنچ گئے اور ریسکیو آپریشن کی نگرانی کی۔ دھماکے کے باعث مجموعی طور پر 4 گھر متاثر ہوئے جبکہ ملبے سے 15 افراد کو نکالا گیا جن میں سے 6 دم توڑ گئے۔
ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل صاحبزادہ یوسف کے مطابق دھماکے کے بعد کے نائن یونٹ اور جدید ٹیکنالوجی کی مدد سے ملبے کی مکمل جانچ کی جا رہی ہے جبکہ واقعے کی وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔
زخمیوں کو فوری طور پر پمز ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ہے۔ پولیس اور ریسکیو ادارے موقع پر موجود ہیں اور علاقے کو گھیرے میں لے لیا گیا ہے۔