روس حالیہ جنگی صورتحال کے دوران ایران کو انسانی امداد بھیجنے والا پہلا ملک بن گیا ہے۔ کینیا میں روسی سفارتخانے کی جانب سے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ پر جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ روس کا ایک مال بردار طیارہ تیرہ ٹن سے زائد طبی سامان لے کر آذربائیجان پہنچا ہے۔
بیان کے مطابق یہ امدادی سامان آذربائیجان سے ایرانی حکام کے حوالے کیا جائے گا تاکہ جنگ سے متاثرہ علاقوں میں فوری طبی امداد فراہم کی جا سکے۔ امدادی کھیپ میں ادویات، طبی آلات اور دیگر ضروری طبی سامان شامل ہے جو ہنگامی صورتحال سے نمٹنے میں مددگار ثابت ہوگا۔
روسی حکام کے مطابق یہ اقدام انسانی ہمدردی کی بنیاد پر کیا گیا ہے تاکہ مشکل وقت میں ایران کے عوام کو درپیش طبی مسائل میں کمی لائی جا سکے۔ تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ روس کی جانب سے امداد کی فراہمی دونوں ممالک کے درمیان قریبی تعلقات اور تعاون کی عکاسی کرتی ہے جبکہ خطے کی موجودہ کشیدگی پر عالمی برادری کی گہری نظر ہے۔