امریکا، ایران معاہدے کے ابتدائی مسودے پر مشاورت جاری، قطر کا انکشاف
قطر نے انکشاف کیا ہے کہ امریکا اور ایران کے درمیان کشیدگی کے خاتمے اور آبنائے ہرمز کے بحران کے سفارتی حل کے لیے جاری کوششیں اہم مرحلے میں داخل ہو چکی ہیں۔ قطری وزارتِ خارجہ کے ترجمان ماجد الانصاری کے مطابق ممکنہ معاہدے کا ابتدائی مسودہ تیار کر کے تمام متعلقہ فریقوں کو مشاورت کے لیے ارسال کر دیا گیا ہے۔
دوحہ میں پریس کانفرنس کے دوران ترجمان نے بتایا کہ قطر اور عمان امریکا اور ایران کے درمیان رابطوں، تجاویز کے تبادلے اور مذاکراتی عمل کو آگے بڑھانے میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔ ان کے مطابق مختلف فریقین کے درمیان مسودوں کا تبادلہ مذاکراتی عمل کا معمول کا حصہ ہے اور موجودہ پیش رفت مثبت سمت کی نشاندہی کرتی ہے۔
ماجد الانصاری نے کہا کہ ثالثوں کی اولین ترجیح ایک ایسے مختصر المدتی حل تک پہنچنا ہے جس سے امریکا اور ایران دوبارہ باضابطہ مذاکرات کی میز پر آ سکیں۔ تاہم انہوں نے واضح کیا کہ اس وقت دونوں ممالک کے درمیان براہِ راست مذاکرات کا کوئی باقاعدہ شیڈول موجود نہیں ہے۔
قطری ترجمان نے امید ظاہر کی کہ جاری سفارتی کوششیں مثبت نتائج دیں گی اور اگر مذاکرات جلد بحال ہو گئے تو نہ صرف امریکا اور ایران کے تعلقات میں بہتری آئے گی بلکہ پورے خطے میں امن و استحکام کے امکانات بھی مضبوط ہوں گے۔
پاکستان اردو پوائنٹ عوام تک بروقت، مستند اور ذمہ دارانہ خبریں پہنچانے کے لیے پرعزم ہے۔