اسلام آباد: بجلی صارفین پر مزید مالی بوجھ پڑنے کا امکان ہے۔ سینٹرل پاور پرچیزنگ ایجنسی (سی پی پی اے) نے جولائی کی فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ کی مد میں بجلی 2 روپے 52 پیسے فی یونٹ مہنگی کرنے کی درخواست نیپرا میں جمع کرا دی ہے۔
نیپرا کے مطابق درخواست پر 27 اگست کو سماعت ہوگی۔ مجوزہ اضافہ منظور ہونے کی صورت میں جی ایس ٹی سمیت بجلی صارفین پر تقریباً 41 ارب روپے کا اضافی بوجھ پڑ سکتا ہے۔
سی پی پی اے کے اعداد و شمار کے مطابق جولائی میں درآمدی ایل این جی سے 10.78 فیصد بجلی پیدا کی گئی، جس کی فی یونٹ لاگت 47 روپے 37 پیسے رہی۔ فرنس آئل سے 1.42 فیصد بجلی 50 روپے 7 پیسے فی یونٹ جبکہ ڈیزل سے 3 کروڑ 10 لاکھ یونٹ بجلی 54 روپے 47 پیسے فی یونٹ کی لاگت سے پیدا ہوئی۔
جولائی میں بجلی کی مجموعی پیداوار میں پانی کا حصہ 39.81 فیصد، مقامی کوئلے کا 10.91 فیصد، درآمدی کوئلے کا 14.38 فیصد اور نیوکلیئر ذرائع کا حصہ 10.10 فیصد رہا۔
نیپرا اتھارٹی سماعت کے دوران بجلی کی پیداواری لاگت اور دیگر اعداد و شمار کا جائزہ لینے کے بعد فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ سے متعلق حتمی فیصلہ کرے گی۔