راولپنڈی: خیبر پختونخوا اور بلوچستان میں سیکیورٹی فورسز کی کارروائیوں کے دوران فتنۃ الخوارج اور فتنۃ الہندوستان سے تعلق رکھنے والے 11 دہشتگرد ہلاک ہوگئے۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق فورسز نے خیبر پختونخوا اور بلوچستان میں دہشتگردوں کے خلاف کامیاب انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز کیے، جن کے دوران دہشتگردوں کے قبضے سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا۔
ذرائع کے مطابق خیبر پختونخوا کے علاقوں جنوبی وزیرستان اور بنوں جبکہ بلوچستان کے ضلع خضدار میں کارروائیاں کی گئیں۔ ان کارروائیوں میں فتنۃ الخوارج اور فتنۃ الہندوستان سے تعلق رکھنے والے 11 دہشتگرد ہلاک ہوئے۔
بنوں میں سیکیورٹی فورسز نے فتنۃ الخوارج کے خلاف انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کیا، جس کے دوران 2 دہشتگرد ہلاک ہوئے۔ کارروائی میں اسلحہ اور گولہ بارود برآمد کیا گیا جبکہ بارودی مواد کی مدد سے دہشتگردوں کے ٹھکانے کو بھی تباہ کردیا گیا۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق جنوبی وزیرستان کے علاقے لدھا میں خفیہ اطلاع پر کارروائی کی گئی، جس کے نتیجے میں 5 خوارج ہلاک ہوئے۔ فورسز نے دہشتگردوں کی نقل و حرکت کا بروقت سراغ لگا کر انہیں گھیرے میں لیا اور مؤثر کارروائی کی۔
بلوچستان کے ضلع خضدار کے علاقے ساسول میں بھی فتنۃ الہندوستان کے خلاف کارروائی کی گئی، جس میں 4 دہشتگرد ہلاک ہوئے۔ سیکیورٹی ذرائع کے مطابق دہشتگردوں کو کوارڈ کاپٹر کی مدد سے مؤثر انداز میں نشانہ بنایا گیا۔
سیکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ کارروائیوں کے دوران عوام کے جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنایا گیا اور مقامی آبادی کو کسی قسم کا نقصان نہیں پہنچا۔
سیکیورٹی فورسز کی جانب سے ملک سے دہشتگردی کے مکمل خاتمے تک عزمِ استحکام کے تحت کارروائیاں جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا گیا۔