بی سی بی نے بھارت میں ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے حوالے سے خدشات کا اظہار کیا، آئی سی سی نے بنگلادیش ٹیم کی شرکت کو یقینی بنایا

میڈیا میں الٹی میٹم کی خبریں بے بنیاد، بی سی بی آئی سی سی کے ساتھ تعمیری رابطے جاری رکھے گا ، بنگلادیش کرکٹ بورڈ (بی سی بی) نے انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کے ساتھ رابطے کا رسمی اعلامیہ جاری کیا ہے۔ اعلامیے کے مطابق، بی سی بی نے بھارت میں ہونے والے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں بنگلادیش ٹیم کی شرکت کے حوالے سے تحفظات کا اظہار کیا تھا، جس پر آئی سی سی نے جواب دیا کہ ٹیم کی شرکت کو کسی رکاوٹ کے بغیر یقینی بنایا جائے گا۔

بی سی بی نے یہ بھی بتایا کہ آئی سی سی نے بنگلادیش بورڈ کے خدشات کو زیرِ غور لانے اور تعاون کرنے پر رضا مندی ظاہر کی ہے۔ اعلامیے میں یہ واضح کیا گیا کہ میڈیا میں بنگلادیش بورڈ کو الٹی میٹم دینے کی خبریں بے بنیاد ہیں اور آئی سی سی کی کمیونیکیشن کو سیاق و سباق سے ہٹ کر رپورٹ کیا گیا ہے۔
بی سی بی نے اعلان کیا کہ وہ آئی سی سی اور متعلقہ اتھارٹیز کے ساتھ تعمیری انداز میں رابطے جاری رکھے گا تاکہ بنگلادیش ٹیم کے میچز اور شرکت کے امور شفاف اور محفوظ رہیں۔