تلک ورما نیوزی لینڈ کے خلاف ابتدائی 3 ٹی ٹوئنٹی میچز سے باہر، ورلڈکپ میچ بھی غیر یقینی

بی سی سی آئی کے مطابق تلک ورما کی سرجری کے بعد آرام کا مشورہ، واپسی کا فیصلہ فٹنس پر ہوگا ، بھارتی کرکٹ ٹیم کو ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ سے قبل بڑا دھچکا لگا ہے، جہاں مڈل آرڈر کے اہم بلے باز تلک ورما انجری کے باعث نیوزی لینڈ کے خلاف پانچ میچز پر مشتمل ٹی ٹوئنٹی سیریز کے ابتدائی تین میچز سے باہر ہو گئے ہیں۔ بھارتی کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) کے مطابق تلک ورما نے راجکوٹ میں ٹیسٹیکولر سرجری کروائی ہے، جس کے بعد ڈاکٹروں نے انہیں مکمل آرام کا مشورہ دیا ہے۔

بی سی سی آئی کا کہنا ہے کہ باقی دو میچز میں تلک ورما کی شرکت کا فیصلہ ان کی ٹریننگ میں واپسی اور فٹنس کے مراحل مکمل ہونے کے بعد کیا جائے گا۔ تلک ورما نے منگل کے روز وجے ہزارے ٹرافی میں حیدرآباد کی نمائندگی کرتے ہوئے بنگال کے خلاف میچ کھیلا تھا، تاہم دورانِ میچ کسی چوٹ کی اطلاع نہیں ملی۔ بعد ازاں درد کی شکایت پر اسکین کیے گئے جس کے بعد سرجری کا فیصلہ کیا گیا۔

ذرائع کے مطابق تلک ورما کا نیوزی لینڈ کے خلاف پوری سیریز اور 7 فروری کو امریکہ کے خلاف ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میچ میں شرکت بھی غیر یقینی ہے۔ خوش آئند بات یہ ہے کہ وہ ہسپتال سے ڈسچارج ہو چکے ہیں، ان کی حالت تسلی بخش ہے اور وہ آج حیدرآباد واپس روانہ ہوں گے۔ واضح رہے کہ تلک ورما حالیہ مہینوں میں بھارتی ٹی ٹوئنٹی ٹیم کے اہم ستون رہے ہیں اور گزشتہ سال 18 اننگز میں 567 رنز اسکور کر چکے ہیں۔