ٹمبا باووما کو بونا کہنے پر بھارتی کرکٹرز نے معافی مانگ لی

ٹیسٹ سیریز کے دوران ناپسندیدہ زبان، سوشل میڈیا پر شدید ردعمل، آئی سی سی کی خاموشی برقرار

ٹیسٹ سیریز کے دوران جنوبی افریقہ کے کپتان ٹمبا باووما کے خلاف بھارتی کرکٹرز جسپریت بمرا اور ریشب پنت کی جانب سے نسلی طنز اور ناپسندیدہ زبان استعمال کرنے کا واقعہ سامنے آنے کے بعد شدید تنازع کھڑا ہو گیا۔ سوشل میڈیا پر شائقین کرکٹ نے اس واقعے پر سخت ردعمل کا اظہار کیا، جس کے بعد بھارتی کرکٹرز نے باووما سے معافی مانگ لی۔ جنوبی افریقی کپتان ٹمبا باووما کا کہنا تھا کہ انہیں اندازہ تھا کہ بھارتی کھلاڑیوں نے اپنی زبان میں ان کے بارے میں کچھ کہا تھا، بعد ازاں دو سینئر بھارتی کھلاڑی ان کے پاس آئے اور معذرت کی۔ باووما کے مطابق معافی کے وقت انہیں اصل معاملے کی مکمل تفصیل معلوم نہیں تھی، جس کی تصدیق انہوں نے بعد میں ٹیم کے میڈیا منیجر سے کی۔ تاہم واقعے کے باوجود انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کی جانب سے تاحال کسی قسم کی کارروائی عمل میں نہیں لائی گئی۔
