جامعہ بنوریہ عالمیہ کے سالانہ امتحانات شروع، 76 ممالک کے طلبہ و طالبات شریک

تعلیمی سال 2025-26 کے امتحانات 15 جنوری تک جاری رہیں گے، شفاف اور عالمی معیار کا امتحانی نظام نافذ

جامعہ بنوریہ عالمیہ سمیت ملک بھر کے دینی مدارس میں سالانہ امتحانات کا آغاز ہو گیا ہے۔ جامعہ بنوریہ عالمیہ میں تعلیمی سال 2025-26 کے امتحانات میں ملکی و غیر ملکی تمام شعبہ جات کے پانچ ہزار سے زائد طلبہ و طالبات شریک ہیں، جو 76 مختلف ممالک سے تعلق رکھتے ہیں۔ جامعہ کے اعلامیے کے مطابق امتحانات کے لیے عالمی معیار کے مطابق منظم اور شفاف نظام تشکیل دیا گیا ہے، جس کے تحت درسِ نظامی، تخصصات اور عصری تعلیم کے طلبہ امتحانات دے رہے ہیں۔

اس موقع پر مہتمم جامعہ ڈاکٹر مفتی نعمان نعیم نے امتحانی انتظامات کا جائزہ لیتے ہوئے کہا کہ دینی مدارس کا تعلیمی و امتحانی نظام دیانت، شفافیت اور میرٹ کی روشن مثال ہے، جہاں کسی بھی قسم کی بے ضابطگی کی گنجائش نہیں۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ جامعہ بنوریہ عالمیہ تعلیمی معیار اور نظمِ امتحانات میں اپنی مثالی روایت کو برقرار رکھے گی۔