محمود خان اچکزئی کا سیاسی جماعتوں کو مفاہمت کا پیغام، مکالمے پر زور

ملکی مسائل کا حل محاذ آرائی نہیں بلکہ بات چیت میں ہے، سربراہ پختونخوا ملی عوامی پارٹی،پختونخوا ملی عوامی پارٹی کے سربراہ محمود خان اچکزئی نے کہا ہے کہ وہ جمہوری ڈائیلاگ کے لیے تیار ہیں اور تمام سیاسی قوتوں کو چاہیے کہ ایک دوسرے کو معاف کر کے آگے بڑھیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ملک اس وقت نازک حالات سے گزر رہا ہے اور موجودہ بحرانوں کا حل صرف مکالمے اور جمہوری روایات کے ذریعے ممکن ہے۔

محمود خان اچکزئی نے ایک بیان میں کہا کہ پاکستان کو سیاسی استحکام، معاشی بہتری اور آئینی بالادستی کی اشد ضرورت ہے، جس کے لیے تمام اسٹیک ہولڈرز کو ذاتی اور جماعتی مفادات سے بالاتر ہو کر سوچنا ہوگا۔
انہوں نے زور دیا کہ نفرت، انتقام اور سیاسی تقسیم نے ملک کو نقصان پہنچایا ہے، اس لیے وقت آ گیا ہے کہ سیاسی قیادت برداشت اور رواداری کا مظاہرہ کرے۔ محمود خان اچکزئی کا کہنا تھا کہ جمہوریت کا حسن اختلافِ رائے میں ہے، لیکن اختلاف دشمنی میں نہیں بدلنا چاہیے۔
انہوں نے امید ظاہر کی کہ سیاسی قیادت سنجیدگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے قومی مفاد میں فیصلے کرے گی اور جمہوری نظام کو مضبوط بنانے کے لیے مشترکہ لائحہ عمل اختیار کیا جائے گا۔