کمشنر حیدرآباد نے دفعہ 144 کے تحت یکم جنوری سے 31 مارچ تک پابندی کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا

پابندی عوامی و نجی مقامات پر پتنگ اُڑانے، خرید و فروخت اور ذخیرہ اندوزی پر ہوگی، خلاف ورزی پر قانونی کارروائی عمل میں آئے گی

صوبہ سندھ کے شہر حیدرآباد میں دفعہ 144 کے تحت پتنگ بازی پر 90 روز کے لیے پابندی عائد کر دی گئی ہے۔ کمشنر حیدرآباد فیاض حسین عباسی نے نوٹیفکیشن جاری کرتے ہوئے بتایا کہ یکم جنوری سے 31 مارچ تک شہر میں عوامی و نجی مقامات پر پتنگ اُڑانے، پتنگ اور ڈور کی خرید و فروخت، تیاری اور ذخیرہ اندوزی پر پابندی ہوگی۔

نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ پتنگ بازی سے متعلق کسی بھی قسم کی سرگرمی یا اجتماع کی اجازت نہیں ہوگی، اور خلاف ورزی کی صورت میں متعلقہ تھانے کا انسپکٹر دفعہ 188 پی پی سی کے تحت قانونی کارروائی کرے گا۔
کمشنر حیدرآباد کے مطابق یہ پابندی شہر میں پتنگ بازی کے باعث بڑھتے ہوئے حادثات کو روکنے کے لیے عائد کی گئی ہے، تاکہ عوام کی جان و مال کا تحفظ یقینی بنایا جا سکے۔