میرب علی نے ذاتی زندگی کی مشکلات پر خاموشی توڑ دی

اداکارہ کا کہنا ہے کہ اکیلے مشکلات کا سامنا کیا، اہلِ خانہ اور مداحوں کی سپورٹ پر شکرگزار ہوں

پاکستانی شوبز انڈسٹری کی ابھرتی ہوئی اداکارہ میرب علی نے انکشاف کیا ہے کہ سال 2025 ان کی زندگی کا سب سے مشکل سال ثابت ہوا۔ فوٹوز اور ویڈیوز شیئرنگ پلیٹ فارم انسٹاگرام پر سال 2025 کے اختتامی لمحات میں شیئر کی گئی ایک ویڈیو میں اداکارہ نے اپنے جذبات کا اظہار کیا۔
میرب علی کا کہنا تھا کہ وہ خوش ہیں کہ 2025 ختم ہونے جا رہا ہے کیونکہ اپنی زندگی میں پہلی مرتبہ انہوں نے اتنی مشکلات اکیلے برداشت کیں۔ انہوں نے کہا کہ زندگی میں ایسے لمحے بھی آتے ہیں جب انسان کو لگتا ہے کہ وہ حالات کا مقابلہ نہیں کر سکتا، مگر اللہ تعالیٰ ہر مشکل میں آسانی پیدا فرماتے ہیں۔ اداکارہ نے اس بات پر بھی زور دیا کہ اگر انسان دوسروں کے ساتھ اچھا کرے تو اس کے ساتھ بھی اچھا ہی ہوتا ہے۔

میرب علی نے اپنے چاہنے والوں، اہلِ خانہ اور دوستوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ زندگی میں گھر والوں کی محبت اور سپورٹ کا کوئی نعم البدل نہیں۔ واضح رہے کہ سال 2025 کے وسط میں گلوکار عاصم اظہر نے میرب علی سے اپنی تین سالہ منگنی ختم کرنے کا اعلان کیا تھا، جس کے بعد اداکارہ کی ذاتی زندگی خبروں کی زینت بنی رہی۔