وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری: دیگر صوبے اور بین الاقوامی شہر بھی ستھرا پنجاب پروگرام اپنانا چاہتے ہیں

سندھ اور خیبر پختونخوا حکومت نے پروگرام کی تفصیلات طلب کر لیں، برطانیہ کے شہر برمنگھم کو بھی رہنمائی فراہم کی گئی

وزیر اطلاعات و ثقافت پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ ستھرا پنجاب پروگرام نہ صرف مقامی سطح پر کامیاب رہا ہے بلکہ دیگر صوبے اور بین الاقوامی شہر بھی اس سے استفادہ کرنا چاہتے ہیں۔ سندھ حکومت نے اس ماڈل کو اپنانے کی خواہش ظاہر کی ہے جبکہ خیبر پختونخوا حکومت نے بھی پروگرام کی تفصیلات طلب کی ہیں۔

عظمیٰ بخاری نے بتایا کہ پنجاب حکومت نے برطانیہ کے شہر برمنگھم کو بھی ستھرا پنجاب پروگرام میں رہنمائی فراہم کی ہے۔ اس کے علاوہ پنجاب کے دیگر کامیاب اقدامات میں تجاوزات کے خلاف آپریشن، ماڈل ویلج پروگرام، اور پنجاب ڈویلپمنٹ پلان شامل ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز پہلے ہی واضح کر چکی ہیں کہ اگر کسی صوبے کو پنجاب کے کسی منصوبے کی فیزیبلٹی چاہیے تو پنجاب ہر طرح کی مدد کے لیے تیار ہے۔ عظمیٰ بخاری نے زور دیا کہ سیاسی تلخیاں اور الزام تراشی کے بجائے ہمیں ایک دوسرے کے تجربات سے سیکھنا چاہیے تاکہ تمام صوبے صاف ستھرے اور عوامی سہولیات سے مستفید ہو سکیں۔