سرگودھا: انٹرپول کی مدد سے سرگودھا پولیس نے بڑی کامیابی حاصل کرتے ہوئے دو اشتہاری ملزمان کو دبئی سے گرفتار کر لیا ہے۔
پولیس کے مطابق ایک ملزم کو 7 سال جبکہ دوسرے کو 1 سال بعد گرفتار کیا گیا۔ گرفتار ملزمان طویل عرصے سے بیرونِ ملک روپوش تھے اور مختلف سنگین مقدمات میں مطلوب تھے۔
پولیس حکام کے مطابق ملزم آکاش نے پرانی دشمنی کی بنیاد پر ایک شخص کو قتل کیا تھا اور واقعے کے بعد ملک سے فرار ہو گیا تھا۔ جبکہ دوسرے ملزم اکرام علی کے خلاف 2019 میں ایک ٹریفک حادثے کا مقدمہ درج تھا، جس میں اس کی گاڑی کی ٹکر سے تین معصوم بچے جاں بحق ہو گئے تھے۔
سرگودھا پولیس کی جانب سے دونوں ملزمان کے خلاف انٹرپول کے ذریعے ریڈ نوٹس جاری کیے گئے تھے، جس پر دبئی پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے انہیں گرفتار کیا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ قانونی کارروائی مکمل ہونے کے بعد ملزمان کو پاکستان منتقل کر کے متعلقہ عدالتوں میں پیش کیا جائے گا۔
پولیس حکام کے مطابق اشتہاری ملزمان کے خلاف کارروائیاں مزید تیز کی جا رہی ہیں اور بیرونِ ملک فرار ملزمان کو بھی قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔