سرگودھا میں ملزمان کی فائرنگ، ایس ایچ او عامر رضوان شہید، پنجاب پولیس میں سوگ
کوٹ مومن میں ہوائی فائرنگ کی اطلاع پر کارروائی کے دوران پولیس افسر جامِ شہادت نوش کر گئے
سرگودھا میں فرض کی ادائیگی کے دوران پنجاب پولیس کا ایک اور بہادر افسر شہید ہو گیا۔ ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق تھانہ لکسیاں سرگودھا کے ایس ایچ او سب انسپکٹر عامر رضوان کو کوٹ مومن کے علاقے میں ہوائی فائرنگ کی اطلاع موصول ہوئی، جس پر انہوں نے نفری کے ہمراہ فوری کارروائی کی۔ پولیس ٹیم نے ملزمان کی گرفتاری کے لیے ریڈ کیا تو ملزمان نے اندھا دھند فائرنگ شروع کر دی، جس کے نتیجے میں ایس ایچ او عامر رضوان شدید زخمی ہو گئے۔ انہیں تشویشناک حالت میں ہسپتال منتقل کیا گیا تاہم وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے شہید ہو گئے۔ واقعے کے بعد ملزمان موقع سے فرار ہو گئے، جبکہ پنجاب پولیس کی ٹیمیں گرفتاری کے لیے مختلف مقامات پر چھاپے مار رہی ہیں۔ آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے آر پی او سرگودھا سے رپورٹ طلب کر لی ہے۔


ایمان مزاری اور انکے شوہر کو گرفتار کرکے پیش کیوں نہ کیا؟ ڈائریکٹر ایف آئی اے طلب
