بھارت کی آبی جارحیت: دریائے چناب پر پن بجلی منصوبے کی منظوری نے خطے میں کشیدگی بڑھا دی

شیری رحمان کی سخت مذمت — پاکستان کے آبی حقوق پر حملہ، خطے کے امن و زرعی نظام کو سنگین خطرات لاحق ، بھارت نے ایک مرتبہ پھر سندھ طاس معاہدے کی خلاف ورزی کرتے ہوئے دریائے چناب پر دلہستی اسٹیج ٹو پن بجلی منصوبے کی منظوری دے دی ہے، جس پر پاکستان میں سخت تشویش کا اظہار کیا جا رہا ہے۔ پاکستان پیپلز پارٹی کی نائب صدر اور سینیٹر شیری رحمان نے بھارتی اقدام کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ یہ منصوبہ پاکستان کے تسلیم شدہ آبی حقوق پر براہِ راست حملہ ہے اور خطے میں عدم استحکام کا باعث بن سکتا ہے۔

شیری رحمان کے مطابق معاہدے کی یکطرفہ معطلی عالمی قوانین اور طے شدہ اصولوں کے خلاف ہے، جبکہ دریائے چناب میں پانی کے بہاؤ میں غیر معمولی کمی بھارتی آبی جارحیت کا واضح ثبوت ہے۔ انہوں نے خبردار کیا کہ یہ منصوبہ پاکستان کی زرعی سلامتی، ماحولیاتی توازن اور دفاعی مفادات کو نقصان پہنچا سکتا ہے۔

انہوں نے زور دیتے ہوئے کہا کہ پانی پاکستان کی ریڈ لائن ہے اور سندھ طاس معاہدے کی خلاف ورزیوں کو عالمی فورمز پر مؤثر انداز میں اٹھایا جائے گا، اگر بھارت باز نہ آیا تو اسے سخت نتائج کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔