شالیمار باغ میں سرکاری ایونٹ کے دوران متنازع قوالی، قوال فراز خان کے خلاف بغاوت کا مقدمہ درج

سرکاری ادارے کے زیرِاہتمام پروگرام میں اشتعال انگیز کلمات پر پولیس نے شہری کی درخواست پر مقدمہ درج کر لیا

لاہور کے تاریخی شالیمار باغ میں سرکاری ادارے کے زیرِاہتمام منعقد ہونے والے ثقافتی ایونٹ کے دوران متنازع واقعہ پیش آیا، جہاں قوال فراز خان نے معروف گانے “نک دا کوکا” کی دھن پر ایسے الفاظ گائے جنہیں اشتعال انگیز قرار دیا جا رہا ہے۔ ہفتے کی رات منعقدہ پروگرام میں قوال نے گایا: “جیل اڈیالہ، قیدی 804 ہووے”، جس پر موقع پر موجود افراد میں غم و غصہ پایا گیا۔

پولیس کے مطابق ایک شہری کی درخواست پر قوال فراز خان کے خلاف بغاوت سمیت دیگر سنگین دفعات کے تحت مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ سرکاری ایونٹ میں اس نوعیت کے نعرے اور الفاظ قانون کی خلاف ورزی کے زمرے میں آتے ہیں۔ واقعے کے بعد انتظامیہ نے تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے جبکہ معاملے پر مزید قانونی کارروائی جاری ہے۔