اللہ سے پوری امید ہے کیس جیتوں گا، عمرے پر جاؤں گا: شیخ رشید

عمرے پر جانے سے روکنے کے خلاف درخواست پر لاہور ہائیکورٹ راولپنڈی بینچ میں سماعت، حکومت جواب جمع نہ کرا سکی ، سابق وفاقی وزیر شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ انہیں اللہ تعالیٰ پر پورا بھروسہ ہے کہ وہ اپنا کیس جیتیں گے اور عمرہ کی سعادت حاصل کریں گے۔ شیخ رشید نے بتایا کہ حکومت نے انہیں عمرے پر جانے سے روکنے کے لیے رٹ دائر کی تھی تاہم حکومت کی جانب سے عدالت میں کوئی جواب جمع نہیں کروایا گیا۔

شیخ رشید احمد عمرے پر جانے کی اجازت کے لیے دائر درخواست کی سماعت کے دوران اپنے وکلاء کے ہمراہ عدالت میں پیش ہوئے۔ جسٹس جواد حسن اور جسٹس رضا قریشی پر مشتمل ڈویژن بینچ نے کیس کی سماعت کی اور جلد سماعت کی درخواست پر عائد اعتراضات بھی دور کر دیے۔
سماعت کے دوران پراسیکیوشن نے جواب جمع کرانے کے لیے مہلت طلب کی، جس کے بعد عدالت نے کیس کی مزید سماعت عدالتی چھٹیوں کے بعد تک ملتوی کر دی۔
