10 کروڑ کے قانونی نوٹس کے بعد نعیم حنیف نے صبا قمر سے معافی مانگ لی

پوڈکاسٹ میں تسلیم کیا گیا کہ صبا قمر سے متعلق خبر غلط اور بے بنیاد تھی

معروف صحافی نعیم حنیف نے اداکارہ صبا قمر سے عوامی طور پر معافی مانگ لی ہے۔ یہ معافی صبا قمر کی جانب سے بھیجے گئے 10 کروڑ روپے کے قانونی نوٹس کے بعد سامنے آئی۔ نعیم حنیف نے ایک پوڈکاسٹ کے دوران اعتراف کیا کہ 3 نومبر کو صبا قمر سے متعلق ایک خبر شیئر کی گئی تھی جس میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ وہ اپنے مبینہ بوائے فرینڈ کی جانب سے تحفے میں دیے گئے گھر میں رہائش پذیر تھیں اور دونوں کے درمیان لائیو اِن ریلیشن شپ تھی۔
صحافی کا کہنا تھا کہ بعد ازاں اس خبر پر تحقیق کی گئی تو معلوم ہوا کہ یہ دعویٰ حقائق کے برعکس اور غلط تھا۔ انہوں نے اعتراف کیا کہ اس خبر کی وجہ سے صبا قمر کی دل آزاری اور کردار کشی ہوئی، جس پر وہ اداکارہ سے معذرت خواہ ہیں۔

واضح رہے کہ نعیم حنیف نے صبا قمر کے کسی شخص کے ساتھ تعلقات اور لاہور کے والٹن روڈ پر رہائش سے متعلق دعوے کیے تھے، جنہیں اداکارہ نے جھوٹا اور بے بنیاد قرار دیا۔ صبا قمر نے ان الزامات کے خلاف قانونی کارروائی کرتے ہوئے نعیم حنیف کو 10 کروڑ روپے ہرجانے کا قانونی نوٹس بھجوایا تھا۔ قانونی نوٹس کے بعد نعیم حنیف نے وضاحت دی کہ وہ تنقید کا سامنا کرنے کے لیے تیار ہیں اور وقت آنے پر مزید حقائق سامنے لانے کی بات بھی کی۔