ملتان سلطانز خسارے میں نہیں، حقائق عوام کے سامنے لائے جائیں گے: محسن نقوی

پی سی بی پی ایس ایل 11 میں ملتان سلطانز کے انتظامی اور مالی معاملات خود سنبھالے گا، شفافیت یقینی بنانے کا فیصلہ ، چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ محسن نقوی نے انکشاف کیا ہے کہ ان پر اپنی ٹیم ملتان سلطانز کو فروخت کرنے کے لیے دباؤ ڈالا جا رہا ہے۔ اسلام آباد کے جناح کنونشن سینٹر میں پاکستان سپر لیگ کی دو نئی ٹیموں کی نیلامی کے بعد منعقدہ پریس کانفرنس میں انہوں نے ملتان سلطانز کے مستقبل پر کھل کر گفتگو کی۔

محسن نقوی کا کہنا تھا کہ سوشل میڈیا پر یہ تاثر دیا جا رہا ہے کہ ملتان سلطانز خسارے میں چل رہی ہے، حالانکہ حقیقت اس کے برعکس ہے۔ انہوں نے بتایا کہ پی سی بی نے فیصلہ کیا ہے کہ ٹیم کے مالی حقائق عوام کے سامنے رکھے جائیں گے، پہلے منافع کی تفصیلات ظاہر کی جائیں گی اور اس کے بعد ہی ٹیم کی نیلامی سے متعلق کوئی فیصلہ کیا جائے گا۔
پی ایس ایل کے چیف ایگزیکٹو آفیسر سلمان نصیر کے مطابق محسن نقوی پہلے ہی واضح کر چکے ہیں کہ پی ایس ایل کے گیارہویں ایڈیشن میں ملتان سلطانز کے انتظامی اور مالی معاملات پاکستان کرکٹ بورڈ خود سنبھالے گا تاکہ مکمل شفافیت کو یقینی بنایا جا سکے۔

چیئرمین پی سی بی نے سابقہ مالک کا نام لیے بغیر کہا کہ ٹیم کے خلاف بے بنیاد تنقید کی جا رہی ہے جبکہ پی سی بی کا مقصد پاکستان سپر لیگ کو مزید مضبوط، مستحکم اور منافع بخش بنانا ہے تاکہ لیگ اور تمام ٹیمیں طویل المدتی بنیادوں پر ترقی کر سکیں۔