گندم مہنگی، آٹا نایاب: حیدرآباد، پشاور اور پنجاب میں قیمتیں بڑھ گئیں

فلار ملز ایسوسی ایشن کا پسائی روکنے کا اعلان، محکمہ خوراک کا قیمتیں برقرار رکھنے کا دعویٰ

ملک کے مختلف شہروں میں آٹے کی قیمتوں میں نمایاں اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے۔ فلار ملز نے گندم کی قیمتوں میں اضافے کے باعث پسائی روکنے کا اعلان کر دیا ہے۔ حیدرآباد میں آٹے کی قیمت میں 10 سے 20 روپے فی کلو اضافہ ہوا ہے، جس کے بعد 20 کلو آٹے کا تھیلا 2400 روپے سے بڑھ کر 2600 روپے تک پہنچ گیا ہے۔
چکی مالکان کے مطابق 100 کلو گندم کی بوری پر 1300 سے 1500 روپے تک اضافہ ہوا ہے، جبکہ پشاور میں صرف ایک ہفتے کے دوران 20 کلو آٹے کے تھیلے کی قیمت میں 200 روپے اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔

فلار ملز ایسوسی ایشن کے ذرائع کا کہنا ہے کہ سرکاری گندم کے اجراء میں تاخیر کے باعث پنجاب میں آٹے کی قلت برقرار ہے، جبکہ جنوبی اور وسطی پنجاب میں صورتحال مزید بحرانی شکل اختیار کر چکی ہے۔ سرکاری گندم کا اجراء لاہور تک محدود ہے اور دیگر شہروں میں 10 کلو آٹے کا تھیلا دستیاب نہیں۔
گروپ لیڈر فلار ملز ایسوسی ایشن عاصم رضا کے مطابق 4600 روپے من گندم خرید کر سستا آٹا فروخت کرنا ممکن نہیں، اسی لیے پسائی روک دی گئی ہے۔ دوسری جانب محکمہ خوراک پنجاب نے دعویٰ کیا ہے کہ صوبے میں گندم وافر مقدار میں موجود ہے اور آٹے کی قیمتوں میں اضافہ نہیں ہوا۔ محکمہ کے مطابق 10 کلو آٹے کا تھیلا 905 روپے اور 20 کلو کا تھیلا 1810 روپے میں دستیاب ہے، اور قیمتیں مزید بڑھنے نہیں دی جائیں گی۔