’دل یہ پکارے آجا‘ پر ڈانس سے راتوں رات شہرت حاصل کرنیوالی عائشہ کا میٹرک میں 3بار فیل ہونے کا انکشاف
میرا دل یہ پکارے گانے پر ڈانس کرنے سے وائرل ہونے والی عائشہ اظہر نے حال ہی میں انکشاف کیا ہے کہ وہ میٹرک میں تین بار فیل ہو چکی ہیں، چوتھی مرتبہ امتحان دینے پر وہ پاس ہوئیں۔عائشہ اظہر وہ نوجوان سوشل میڈیا سٹار ہیں جو نومبر 2022 میں ایک شادی میں ڈانس کی وجہ سے اچانک شہرت کی بلندیوں پر پہنچ گئیں۔ ’دل یہ پکارے آجا‘ پر اُن کی پرفارمنس نے انہیں راتوں رات وائرل کر دیا اور اسی ویڈیو نے انہیں ٹک ٹاک اور انسٹاگرام پر پہچان دلائی۔اب وہ ماڈلنگ میں کیریئر بنانے کی کوشش کر رہی ہیں اور باقاعدگی سے سوشل میڈیا پر متحرک رہتی ہیں۔ حال ہی میں ایک نجی ٹی وی کے شو میں بات کرتے ہوئے انہوں نے اسکول کے دنوں کو یاد کیا اور بتایا کہ وہ پڑھائی میں مسلسل مشکلات کا شکار رہیں۔ان کے مطابق ان میں پڑھائی کی صلاحیت کم تھی، اسی وجہ سے تین بار ناکام ہوئیں لیکن دوستوں کے اصرار پر امتحان دیتی رہیں اور بالآخر میٹرک مکمل کرنے میں کامیاب ہو گئیں۔عائشہ نے یہ بھی کہا کہ وہ اب تعلیم جاری رکھنے کے بارے میں پراعتماد نہیں، کیونکہ وہ ماڈلنگ کو اپنا اصل جنون سمجھتی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ پڑھائی سے وقفہ لے چکی ہیں اور مستقبل میں اپنا وقت اور توانائی صرف اسی شعبے کو دینا چاہتی ہیں۔انہوں نے انکشاف کیا کہ جب ان کی ویڈیو وائرل ہوئی تھی تو اس وقت ان کی عمر 14 برس تھی اور اب وہ 18 سال کی ہیں۔
