مریم نواز کا دہشت گرد حملے پر سخت ردعمل، سیکیورٹی فورسز کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار

دہشت گردی کے خلاف پوری قوم متحد ہے، دشمن عناصر کو کسی صورت کامیاب نہیں ہونے دیں گے، وزیراعلیٰ پنجاب،وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے شمالی وزیرستان میں سیکیورٹی فورسز کے کیمپ پر ہونے والے دہشت گرد حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایسے بزدلانہ حملے قوم کے حوصلے پست نہیں کر سکتے۔ انہوں نے کہا کہ سیکیورٹی فورسز ملک کے امن و استحکام کے لیے جانوں کی قربانیاں دے رہی ہیں اور پوری قوم ان کے ساتھ کھڑی ہے۔

وزیراعلیٰ مریم نواز نے اپنے بیان میں کہا کہ دہشت گردی پاکستان کے خلاف ایک گھناؤنی سازش ہے، جسے ہر صورت ناکام بنایا جائے گا۔ انہوں نے حملے میں شہید اور زخمی ہونے والے اہلکاروں کے لیے گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا اور شہداء کے درجات کی بلندی اور زخمیوں کی جلد صحتیابی کے لیے دعا کی۔
مریم نواز کا کہنا تھا کہ وفاقی اور صوبائی حکومتیں سیکیورٹی اداروں کے شانہ بشانہ کھڑی ہیں اور دہشت گرد عناصر کے خلاف کارروائیاں پوری قوت سے جاری رہیں گی۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان میں امن کو نقصان پہنچانے والوں کے لیے کوئی جگہ نہیں۔