مریم نواز نے سرکاری ہسپتالوں کی جدید انتظامیہ کے لیے اقدامات کا اعلان، میڈیسن فراہمی اور سیکیورٹی میں اصلاحات

وزیر اعلیٰ پنجاب کی زیر صدارت اجلاس میں موبائل پابندی، باڈی کیم، روزانہ کلیننگ اور چینی ساختہ طبی آلات کی اجازت جیسے اہم فیصلے

وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے سرکاری ہسپتالوں کے لیے نئی میڈیسن لسٹ بنانے اور میڈیسن کی فراہمی کے فول پروف نظام کو یقینی بنانے کے لیے اقدامات کا اعلان کیا ہے۔ وزیراعلیٰ کی زیر صدارت اجلاس میں دوران ڈیوٹی ڈاکٹرز اور نرسوں کے موبائل استعمال پر پابندی، سیکیورٹی گارڈز، وارڈ بوائز، نرس اور فارمیسی اسٹاف کے لیے باڈی کیم لگانے، اور ہر ہسپتال میں روزانہ صبح 9 بجے تک مکمل صفائی کرنے کی ہدایات شامل تھیں۔

اجلاس میں پنجاب کے ہسپتالوں کو جدید طبی آلات سے لیس کرنے، میڈیسن کے لیے 80 ارب روپے مختص کرنے، اور عوامی شکایات کے تدارک کے لیے سخت اقدامات کرنے پر بھی غور کیا گیا۔ کمیونٹی ہیلتھ انسپکٹرز کو ہسپتال سروے کی ذمہ داری سونپی گئی جبکہ ڈیٹا اینالیسز سنٹر قائم کر کے عوامی فلاحی اقدامات کی افادیت کا جائزہ لیا جائے گا۔ اس دوران بتایا گیا کہ پنجاب میں 2500 سے زائد ڈاکٹرز کو دو سال کے اندر ملازمتیں فراہم کی گئی ہیں، اور پانچ لاکھ 85 ہزار مریض کارڈیک میڈیسن ہوم ڈیلیوری کے لیے رجسٹرڈ ہیں۔
وزیراعلیٰ نے واضح کیا کہ عوام کے پیسے اور وقت ضائع نہیں ہوں گے، ناقابل فہم کوتاہی کرنے والے گھر جائیں گے، اور ہر ہسپتال میں میڈیسن کی دستیابی یقینی بنائی جائے گی۔