جوہری پروگرام بحال ہوا تو کارروائی کریں گے، صدر ٹرمپ کی ایران کو ایک بار پھر سخت وارننگ


امریکا ایران کے ایٹمی عزائم پر نظر رکھے ہوئے ہے، صدر ٹرمپ
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران کو جوہری پروگرام کے حصول سے متعلق ایک بار پھر سخت وارننگ جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگر ایران نے اپنی جوہری سرگرمیاں بحال کیں تو امریکا کارروائی کرنے پر مجبور ہوگا، تاہم امید ہے کہ ایران کے خلاف مزید کسی فوجی کارروائی کی ضرورت پیش نہیں آئے گی۔

امریکی میڈیا کو دیے گئے انٹرویو میں صدر ٹرمپ کا کہنا تھا کہ ماضی میں امریکا کی کارروائی نے ایران کو جوہری ہتھیار بنانے سے روک دیا تھا اور اگر ایران کی ایٹمی تنصیبات کو نشانہ نہ بنایا جاتا تو وہ دو ماہ کے اندر جوہری ہتھیار حاصل کر لیتا۔ انہوں نے زور دیا کہ ایران کو ایٹمی ہتھیار حاصل کرنے کی کوشش ترک کر دینی چاہیے۔

انٹرویو کے دوران صدر ٹرمپ نے یہ دعویٰ بھی کیا کہ ایران میں سڑکوں پر اندھا دھند لوگوں کو نشانہ بنایا جا رہا تھا، تاہم امریکی دھمکی کے بعد ایرانی حکام نے سینکڑوں افراد کو پھانسی دینے کا ارادہ ترک کر دیا۔ اس سے قبل صدر ٹرمپ فلسطینی تنظیم حماس کو بھی سخت وارننگ دیتے ہوئے کہہ چکے ہیں کہ اگر حماس نے چند دنوں میں ہتھیار نہ ڈالے تو اسے نیست و نابود کر دیا جائے گا
