اسلام آباد: حکومت نے پیٹرول کی قیمتوں میں اضافے کے باعث عوام کو ریلیف فراہم کرنے کیلئے متعارف کرائی گئی سبسڈی اسکیم میں اہم شرط شامل کر دی ہے، جس کے تحت موٹر سائیکل سواروں کیلئے اپنی گاڑی اپنے نام پر رجسٹرڈ کروانا لازمی قرار دے دیا گیا ہے۔
سرکاری ذرائع کے مطابق سبسڈی حاصل کرنے کیلئے درخواست گزار کا قومی شناختی کارڈ اور موٹر سائیکل کی رجسٹریشن ایک ہی نام پر ہونا ضروری ہوگا۔ حکام کا کہنا ہے کہ اس اقدام کا مقصد شفافیت کو یقینی بنانا اور مستحق افراد تک مالی معاونت پہنچانا ہے۔
اسکیم کے تحت اہل شہریوں کو ماہانہ بنیادوں پر پیٹرول کی مد میں مالی ریلیف فراہم کیا جائے گا، جس کی رقم براہِ راست بینک اکاؤنٹ یا ڈیجیٹل پلیٹ فارم کے ذریعے منتقل کی جائے گی۔ ابتدائی طور پر کم آمدن والے افراد کو اس سہولت میں ترجیح دی جائے گی۔
متعلقہ حکام نے واضح کیا ہے کہ اوپن لیٹر یا کسی اور کے نام پر رجسٹرڈ موٹر سائیکل رکھنے والے افراد اس اسکیم سے فائدہ نہیں اٹھا سکیں گے۔ ایسے شہریوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ فوری طور پر اپنی گاڑی کی ملکیت اپنے نام منتقل کروائیں تاکہ سبسڈی کے حصول میں کسی قسم کی رکاوٹ پیش نہ آئے۔
حکومت کا کہنا ہے کہ یہ اقدام عوام کو مہنگائی کے اثرات سے بچانے اور ٹرانسپورٹ کے اخراجات میں کمی لانے کیلئے کیا گیا ہے۔