کورنگی میں خاتون اور بچوں سمیت 5 افراد کھلے نالے میں گرگئے

مہران ٹاؤن میں تقریب سے واپسی پر نالے کی ٹوٹی چھت جان لیوا ثابت ہوئی

کراچی کے علاقے کورنگی میں کھلے نالے ایک بار پھر شہریوں کے لیے خطرہ بن گئے، جہاں خاتون اور بچوں سمیت پانچ افراد نالے میں گرگئے۔ یہ افسوسناک واقعہ کورنگی کے علاقے مہران ٹاؤن میں پیش آیا، جہاں ایک تقریب سے واپس آتے ہوئے یہ حادثہ رونما ہوا۔
ریسکیو حکام کے مطابق واقعے کی اطلاع ملتے ہی امدادی کارروائی شروع کی گئی اور پانچوں افراد کو نالے سے بحفاظت باہر نکال لیا گیا۔ تاہم تین افراد کو بے ہوشی کی حالت میں اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں انہیں طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔

ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ نکاسیٔ آب کے لیے بنائے گئے نالے کی چھت ایک جگہ سے ٹوٹی ہوئی تھی، اور اسی ٹوٹے ہوئے حصے سے تمام افراد نالے میں گرگئے۔ واقعے نے ایک بار پھر شہر میں کھلے اور غیر محفوظ نالوں پر سوالات کھڑے کر دیے ہیں، جو آئے روز شہریوں کی جانوں کے لیے خطرہ بنے ہوئے ہیں۔