امریکا میں کرسمس کی رات خوش نصیب شخص نے 1.8 ارب ڈالر کی پاوربال لاٹری جیت لی

تاریخی پاوربال جیک پاٹ امریکی ریاست آرکنساس میں فروخت ہونے والے ٹکٹ نے جیت لیا ، امریکا میں کرسمس کی رات پاوربال لاٹری میں ایک خوش نصیب شخص نے 1.8 ارب ڈالر (تقریباً 500 ارب پاکستانی روپے) کا تاریخی جیک پاٹ جیت لیا۔ امریکی میڈیا کے مطابق یہ خوش قسمت ٹکٹ ریاست آرکنساس میں فروخت ہوا تھا۔ پاوربال کی تاریخ میں یہ صرف دوسری مرتبہ ہے کہ آرکنساس میں فروخت ہونے والے ٹکٹ نے جیک پاٹ جیتا ہو، اس سے قبل یہ کامیابی 2010 میں حاصل ہوئی تھی۔

لاٹری جیتنے والے خوش نصیب شخص کو رقم وصول کرنے کے لیے دو آپشنز دیے جائیں گے۔ پہلا آپشن یہ ہے کہ وہ 1.817 ارب ڈالر کی مکمل رقم قسطوں (Annuity) کی صورت میں حاصل کرے، جس میں ابتدائی ادائیگی کے بعد 29 سالانہ اقساط شامل ہوں گی اور ہر سال قسط میں 5 فیصد اضافہ ہوگا۔ دوسرا آپشن ایک ساتھ 834.9 ملین ڈالر کی رقم وصول کرنا ہے، تاہم یہ رقم ٹیکس کی کٹوتی سے قبل ہوگی۔

یہ ڈرا پاوربال جیک پاٹ سائیکل کا 47 واں ڈرا تھا، جو پاوربال کی تاریخ کا ایک نیا ریکارڈ ہے۔ پاوربال لاٹری جیتنے کے امکانات انتہائی کم ہیں، جو تقریباً 29 کروڑ 22 لاکھ میں ایک ہیں۔ پاوربال لاٹری امریکا کی 45 ریاستوں کے علاوہ واشنگٹن ڈی سی، پورٹو ریکو اور یو ایس ورجن آئی لینڈز میں کھیلی جاتی ہے، جہاں ایک ٹکٹ کی قیمت 2 ڈالر ہے۔