نسیم صادق کا دوٹوک مؤقف: کرپشن پاکستان کی اصل دشمن، ہر بااثر شخص کو جواب دینا ہوگا

عام لوگ پارٹی پاکستان کے چیئرمین نسیم صادق نے کرپشن کے خلاف ایک سخت اور واضح عوامی اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ کرپشن پاکستان کی معیشت، ایمان اور آنے والی نسلوں کے مستقبل کو دیمک کی طرح چاٹ رہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ چند لاکھ نہیں بلکہ اربوں اور کھربوں روپے کی منظم لوٹ مار ہے جو ریاستی اداروں کو اندر سے کھوکھلا کر رہی ہے۔

نسیم صادق نے زور دیا کہ چاہے افسر ہو یا کلرک، وزیر ہو یا مشیر — سب کو اپنے اثاثوں کا حساب دینا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ اگر 80 ہزار تنخواہ والا کروڑوں کا بنگلہ بنائے یا ڈیڑھ لاکھ آمدن والا مہنگی گاڑی رکھے تو سوال کرنا عوام کا بنیادی حق ہے۔
انہوں نے کہا کہ خاموش رہنا بھی جرم ہے اور سوال کرنا ایک زندہ قوم کی پہچان۔ عوام کو یہ سمجھنا ہوگا کہ حکمران آقا نہیں بلکہ عوام کے ملازم ہیں، چاہے وہ ڈی سی ہوں، کمشنر ہوں، ایم پی اے یا ایم این اے۔

نسیم صادق کے مطابق فرنگی نظام نے قوم کو غلام بنایا اور کرپشن کو طاقت دی، جبکہ قرآن اور نبی ﷺ کے نظام میں لوٹ مار کی کوئی گنجائش نہیں۔ انہوں نے اعلان کیا کہ عام لوگ پارٹی پاکستان قرض کی غلامی سے آزادی اور کرپشن کے مکمل خاتمے کی جدوجہد جاری رکھے گی۔ انہوں نے کہا کہ اب ہر پاکستانی ایک ہی سوال کرے گا: “یہ دولت کہاں سے آئی؟”,