سی پی او ڈاکٹر سردار غیاث گل خان کا فوری نوٹس، ایس پیز سے رپورٹس طلب، شہر بھر میں ناکہ بندی جاری
گوجرانوالہ: مختلف علاقوں میں پولیس کی بڑی کارروائیاں، 1 خطرناک ملزم ہلاک، 3 زخمی حالت میں گرفتار

سی پی او ڈاکٹر سردار غیاث گل خان کا فوری نوٹس، ایس پیز سے رپورٹس طلب، شہر بھر میں ناکہ بندی جاری

گوجرانوالہ کے مختلف علاقوں میں پولیس نے جرائم پیشہ عناصر کے خلاف مؤثر کارروائیاں کرتے ہوئے چار الگ الگ پولیس مقابلے اور آپریشنز کیے۔ ان کارروائیوں کے دوران ایک خطرناک ریکارڈ یافتہ ملزم ہلاک جبکہ تین ملزمان زخمی حالت میں گرفتار کر لیے گئے۔
تھانہ صدر کامونکی کے علاقہ میں پولیس مقابلے کے دوران ریکارڈ یافتہ ملزم غلام محیی الدین اپنے ہی ساتھیوں کی فائرنگ سے زخمی ہو کر گرفتار ہوا، جو قتل، اقدام قتل، ڈکیتی اور راہزنی کی 30 وارداتوں میں مطلوب تھا۔

تھانہ قلعہ دیدار سنگھ میں پولیس مقابلے کے دوران قتل کے مقدمہ میں گرفتار ملزم شاہد عثمان اپنے ہی ساتھیوں کی فائرنگ سے زخمی ہوا، جس پر قتل، چوری اور راہزنی کے متعدد مقدمات درج ہیں۔
تھانہ ایمن آباد کے علاقہ میں موٹر سائیکل چوری میں ملوث ملزم علی حسن نے پولیس پارٹی پر فائرنگ کی اور فرار کی کوشش میں گر کر زخمی حالت میں گرفتار ہوا، جبکہ مسروقہ موٹر سائیکل بھی برآمد کر لی گئی۔

تھانہ گرجاکھ میں پولیس مقابلے کے دوران منشیات فروشی، موٹر سائیکل چوری اور راہزنی کی 37 وارداتوں میں ملوث خطرناک ملزم ارحم عرف منا اپنے ہی ساتھی کی فائرنگ سے ہلاک ہو گیا، جبکہ اس کا ساتھی اندھیرے کا فائدہ اٹھاتے ہوئے فرار ہو گیا۔
سی پی او گوجرانوالہ ڈاکٹر سردار غیاث گل خان نے تمام واقعات کا فوری نوٹس لیتے ہوئے متعلقہ ایس پیز سے رپورٹس طلب کر لیں۔ فرار ملزمان کی گرفتاری کے لیے ڈی ایس پیز کی زیر نگرانی خصوصی ٹیمیں تشکیل دے دی گئی ہیں اور شہر بھر میں ناکہ بندی جاری ہے۔ پولیس کے مطابق شہریوں کی جان و مال کا تحفظ اور امن و امان کا قیام اولین ترجیح ہے۔