گوجرانوالہ: یوٹیوبر نیوز چینل کی سی ای او جویریہ مغل خاوند سمیت مبینہ طور پر منشیات اور اسلحہ سپلائی کرتے ہوئے گرفتار



تھانہ اروپ کی حدود میں کارروائی، بھاری مقدار میں منشیات اور غیر قانونی اسلحہ برآمد، تفتیش کا دائرہ وسیع

گوجرانوالہ (پاکستان اردو پوائنٹ)
گوجرانوالہ کے تھانہ اروپ کی حدود میں پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے G11 یوٹیوبر نیوز کی مبینہ چیف ایگزیکٹو آفیسر (سی ای او) جویریہ مغل کو اپنے خاوند قیصر بٹ اور دیگر ساتھیوں کے ہمراہ گرفتار کر لیا۔
پولیس ذرائع کے مطابق ملزمان کو بھاری مقدار میں منشیات اور غیر قانونی اسلحہ سپلائی کرتے ہوئے رنگے ہاتھوں گرفتار کیا گیا۔ ابتدائی تفتیش کے مطابق یہ گروہ ایک منظم نیٹ ورک کے ذریعے مختلف علاقوں میں منشیات اور اسلحہ فراہم کرنے میں ملوث تھا۔

کارروائی کے دوران ملزمان کے قبضے سے بڑی مقدار میں منشیات، اسلحہ اور دیگر مشتبہ سامان برآمد کیا گیا۔ پولیس نے ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کر کے مزید تفتیش شروع کر دی ہے جبکہ نیٹ ورک سے جڑے دیگر افراد کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ معاملے کی ہر پہلو سے تحقیقات جاری ہیں اور قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ واضح رہے کہ ملزمان کو عدالت سے جرم ثابت ہونے تک بے گناہ تصور کیا جائے گا۔
