نرمی کا فائدہ اٹھا کر موٹر سائیکل سواروں نے ہیلمٹ چھوڑ دیا، ٹریفک پولیس کا کریک ڈاؤن شروع
سڑکوں پر ہیلمٹ پہننے والوں کی واضح کمی، خلاف ورزی پر چالان اور سخت کارروائی کا اعلان

گوجرانوالہ میں موٹر سائیکل سواروں کو دی گئی وقتی نرمی کے بعد ہیلمٹ کے استعمال میں نمایاں کمی دیکھنے میں آئی ہے، جس پر سٹی ٹریفک پولیس نے دوبارہ سخت کریک ڈاؤن کا آغاز کر دیا ہے۔ شہری حلقوں کے مطابق گزشتہ چند ہفتوں کے دوران مرکزی شاہراہوں اور اندرون شہر سڑکوں پر بڑی تعداد میں موٹر سائیکل سوار بغیر ہیلمٹ سفر کرتے نظر آئے، جس سے ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کے ساتھ ساتھ حادثات کے خدشات بھی بڑھ گئے۔

ٹریفک پولیس حکام کا کہنا ہے کہ انسانی جانوں کے تحفظ کے لیے ہیلمٹ کا استعمال ناگزیر ہے، مگر نرمی کو کمزوری سمجھ لیا گیا۔ اسی وجہ سے اب دوبارہ شہر بھر میں خصوصی ناکہ بندیاں اور چیکنگ کا عمل تیز کر دیا گیا ہے۔ خلاف ورزی کرنے والے افراد کے چالان کیے جا رہے ہیں جبکہ مسلسل خلاف ورزی پر قانونی کارروائی بھی عمل میں لائی جائے گی۔

حکام نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ اپنی اور اپنے اہل خانہ کی حفاظت کے لیے ہیلمٹ کے استعمال کو یقینی بنائیں اور ٹریفک قوانین کی پابندی کریں۔ ماہرین کے مطابق ہیلمٹ حادثات کی صورت میں سر کی شدید چوٹ سے بچاؤ کا مؤثر ذریعہ ہے اور اس کا استعمال زندگی بچا سکتا ہے۔