آزاد جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی کے انتخابات کے دوسرے مرحلے کے لیے پولنگ کل 2 اگست کو مظفرآباد ڈویژن میں ہوگی، جبکہ مہاجرین کی 12 نشستوں پر بھی اسی روز ووٹ ڈالے جائیں گے۔ انتخابی عمل کو شفاف اور پرامن بنانے کے لیے پولنگ عملے میں انتخابی سامان کی تقسیم کا عمل جاری ہے اور سکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں۔
راولپنڈی میں سکستھ روڈ پر واقع گورنمنٹ گریجویٹ کالج میں قائم ڈسٹری بیوشن پوائنٹ سے پولنگ عملہ بیلٹ پیپرز، بیلٹ باکسز اور دیگر حساس انتخابی مواد وصول کر رہا ہے۔ سامان کی تقسیم مکمل ہونے کے بعد عملہ اپنے متعلقہ پولنگ اسٹیشنز کی جانب روانہ ہو رہا ہے۔
ذرائع کے مطابق بیلٹ پیپرز، سرکاری ریکارڈ اور دیگر انتخابی سامان سخت نگرانی میں پولنگ عملے کے حوالے کیا جا رہا ہے، جبکہ سامان کی ترسیل پولیس کی سخت سکیورٹی میں جاری ہے تاکہ انتخابی عمل کے دوران کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچا جا سکے۔
ضلعی انتظامیہ اور الیکشن حکام کے مطابق تمام پولنگ اسٹیشنز پر انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں اور پولنگ عملہ اپنی ذمہ داریاں سنبھالنے کے لیے تیار ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ کل صبح مقررہ وقت پر پولنگ کا باقاعدہ آغاز ہوگا۔
مہاجرین کی نشستوں کے لیے راولپنڈی میں جموں 6، وادی 4 اور وادی 5 کے حلقوں میں بھی ووٹنگ ہوگی۔ وادی 4 کا حلقہ راولپنڈی شہر تک محدود ہے، جبکہ وادی 5 راولپنڈی اور اسلام آباد کے بعض علاقوں پر مشتمل ہے۔ جموں 6 کا حلقہ راولپنڈی ڈویژن سے اسلام آباد تک پھیلا ہوا ہے۔
آزاد کشمیر کے انتخابات کے دوسرے مرحلے کو کامیاب بنانے کے لیے الیکشن کمیشن، ضلعی انتظامیہ اور قانون نافذ کرنے والے اداروں نے تمام ضروری انتظامات مکمل کر لیے ہیں تاکہ ووٹرز بلا خوف و خطر اپنا حقِ رائے دہی استعمال کر سکیں۔
آزاد کشمیر انتخابات کے دوسرے مرحلے کی پولنگ 2 اگست کو ہوگی۔ مظفرآباد ڈویژن اور مہاجرین کی 12 نشستوں پر ووٹنگ ہوگی، جبکہ پولنگ سامان کی تقسیم سخت سکیورٹی میں جاری ہے۔