آسٹریلیا نے افغان سفارتخانہ جون 2026 کے بعد بند کرنے کا اعلان کر دیا
طالبان حکومت کی پالیسیوں کے باعث افغانستان کو بڑھتی عالمی تنہائی کا سامنا

آسٹریلیا نے افغانستان سے متعلق اپنی سفارتی پالیسی میں اہم تبدیلی کرتے ہوئے افغان سفارتخانہ بند کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔ آسٹریلوی محکمہ خارجہ و تجارتی امور کے مطابق افغان سفارتخانہ جون 2026 کے بعد اپنی تمام سرگرمیاں ختم کر دے گا۔
بیان میں واضح کیا گیا ہے کہ طالبان حکومت کے مقرر کردہ کسی بھی سفارتکار، اعزازی قونصلر یا نمائندے کو آسٹریلیا تسلیم نہیں کرے گا۔ آسٹریلوی ذرائع ابلاغ کے مطابق حکومت نے طالبان حکومت کو افغان عوام کا جائز اور قانونی نمائندہ ماننے سے بھی انکار کر دیا ہے۔

رپورٹس کے مطابق آسٹریلوی حکام نے طالبان حکومت کی جانب سے انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں اور اختلافِ رائے پر عائد پابندیوں کی سخت مذمت کی ہے۔ آسٹریلیا کا مؤقف ہے کہ طالبان کی غیر جمہوری اور پُرتشدد پالیسیوں کے باعث افغانستان عالمی سطح پر تنہائی کا شکار ہوتا جا رہا ہے۔
ریفیوجی کونسل آسٹریلیا کا کہنا ہے کہ افغانستان میں عام شہری طالبان حکومت کے اداروں سے ضروری دستاویزات حاصل کرنے سے بھی خوفزدہ ہیں، جو ملک میں غیر یقینی اور دباؤ کی صورتحال کی عکاسی کرتا ہے۔
