پنک ٹیسٹ کے بعد الوداع: عثمان خواجہ ایشیز سیریز کے سڈنی ٹیسٹ کے بعد ریٹائر ہوں گے

پاکستان میں پیدا ہونے والے پہلے مسلمان آسٹریلوی ٹیسٹ کرکٹر کا 15 سالہ شاندار سفر اختتام کو پہنچنے والا ہے

آسٹریلیا کے تجربہ کار ٹیسٹ کرکٹر عثمان خواجہ نے انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کر دیا ہے۔ وہ ایشیز سیریز کا آخری ٹیسٹ، جو 4 جنوری سے سڈنی کرکٹ گراؤنڈ میں کھیلا جائے گا، اپنا آخری میچ قرار دے چکے ہیں۔ اس پنک ٹیسٹ کے بعد عثمان خواجہ باضابطہ طور پر انٹرنیشنل کرکٹ کو الوداع کہہ دیں گے۔
سڈنی کرکٹ گراؤنڈ سے فرسٹ کلاس کرکٹ کا آغاز کرنے والے 39 سالہ عثمان خواجہ اپنے کیریئر کا 88واں ٹیسٹ کھیل کر ریٹائر ہوں گے۔ انہوں نے 2011 میں ٹیسٹ ڈیبیو کیا اور 15 سالہ کیریئر میں 6 ہزار سے زائد ٹیسٹ رنز اسکور کیے۔ عثمان خواجہ اب تک 87 ٹیسٹ، 40 ون ڈے اور 9 ٹی ٹوئنٹی میچز کھیل چکے ہیں۔

کرکٹ آسٹریلیا کے مطابق عثمان خواجہ نہ صرف میدان میں بلکہ میدان سے باہر بھی ایک مضبوط میراث چھوڑ رہے ہیں۔ وہ پاکستان میں پیدا ہونے والے پہلے اور آسٹریلیا کے پہلے مسلمان ٹیسٹ کرکٹر ہیں، جبکہ عثمان خواجہ فاؤنڈیشن کے ذریعے سماجی خدمات میں بھی نمایاں کردار ادا کیا۔
عثمان خواجہ کو 2023 میں آئی سی سی ٹیسٹ کرکٹر آف دی ایئر اور شین وارن ٹیسٹ کرکٹر آف دی ایئر قرار دیا گیا۔ وہ 2023 کی آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ جیتنے والی آسٹریلوی ٹیم کا بھی حصہ تھے۔
ریٹائرمنٹ کے اعلان پر عثمان خواجہ کا کہنا تھا کہ
“میرے لیے سب سے نمایاں احساس قناعت کا ہے، میں آسٹریلیا کی نمائندگی کر کے خود کو خوش قسمت سمجھتا ہوں اور امید ہے کہ میں نے لوگوں کو متاثر کیا ہوگا۔”
کرکٹ آسٹریلیا کے سی ای او ٹوڈ گرین برگ نے عثمان خواجہ کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے اپنی غیر معمولی بیٹنگ، اسٹائل اور عثمان خواجہ فاؤنڈیشن کے ذریعے آسٹریلوی کرکٹ میں نمایاں کردار ادا کیا، اور وہ ان کی خدمات پر شکر گزار ہیں۔