اداکاری یا کاروبار؟ کومل عزیز خان کا واضح مؤقف — میری ترجیحات بدل چکی ہیں

انسٹاگرام سیشن میں کھل کر گفتگو — اداکاری دلچسپ تھی مگر اب کاروبار میں ذہنی چیلنج اور طویل مدتی منصوبہ بندی زیادہ اہم

پاکستانی اداکارہ اور معروف کاروباری شخصیت کومل عزیز خان نے کہا ہے کہ ان کی ترجیحات وقت کے ساتھ بدل چکی ہیں اور اب انہیں اداکاری کے مقابلے میں کاروبار زیادہ متاثر اور متحرک کرتا ہے۔ انسٹاگرام پر سوال و جواب کے سیشن کے دوران ایک مداح کے سوال پر انہوں نے بتایا کہ کاروبار انہیں ذہنی طور پر چیلنج کرتا ہے، پیچیدہ مسائل حل کرنے کا موقع دیتا ہے اور ان کی مارکیٹ ویلیو عمر کے ساتھ بڑھتی ہے، جبکہ اداکاری میں یہ سلسلہ جاری نہیں رہتا۔

کومل عزیز کا کہنا تھا کہ جوانی میں شوبز کی چکاچوند، میک اپ اور گلیمر بےحد دلکش لگتے تھے، مگر وقت کے ساتھ ان کی دلچسپیاں اور اہداف بدل گئے ہیں۔ انہوں نے کئی کامیاب کردار ادا کیے اور بعد ازاں اپنے فیشن اور لائف اسٹائل برانڈ کے ذریعے خود کو ایک کامیاب کاروباری شخصیت کے طور پر بھی منوایا۔ ان کا کہنا ہے کہ مسئلہ حل کرنے، حکمتِ عملی اور طویل مدتی منصوبہ بندی سے انہیں حقیقی اطمینان حاصل ہوتا ہے۔