امریکا میں گرل فرینڈ کو قتل کرنے کا الزام، بھارتی شہری جرمنی سے گرفتار
ایریزونا کی 19 سالہ کالج طالبہ کے مبینہ قتل کے الزام میں 20 سالہ بھارتی شہری کے خلاف فرسٹ ڈگری قتل اور اغوا کے وارنٹ جاری
ٹکسن: امریکی ریاست ایریزونا کے شہر ٹکسن میں 19 سالہ کالج طالبہ جولیسا روبی سالازار کے مبینہ قتل کے الزام میں اس کے 20 سالہ بھارتی بوائے فرینڈ ورون بیچگاری کو جرمنی سے گرفتار کر لیا گیا۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق جولیسا کو یونیورسٹی آف ایریزونا کے قریب واقع اپنے اپارٹمنٹ میں مردہ پایا گیا، جبکہ پولیس کے مطابق اس کے جسم پر تشدد کے نشانات بھی موجود تھے۔
پولیس کے مطابق اہل خانہ کی درخواست پر جولیسا کی خیریت معلوم کرنے کے لیے پولیس اس کے اپارٹمنٹ پہنچی، جہاں وہ بے ہوش حالت میں ملی۔ تفتیش کے دوران ورون کو مرکزی مشتبہ شخص قرار دیتے ہوئے اس کے خلاف فرسٹ ڈگری قتل اور اغوا کے الزامات میں وارنٹ جاری کیے گئے۔
حکام کے مطابق ورون ٹکسن انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے ہیوسٹن گیا، جہاں سے جرمنی کے لیے پرواز پکڑی۔ امریکی حکام اور جرمن اداروں کے تعاون سے اسے جرمنی پہنچنے کے بعد گرفتار کر لیا گیا۔
حکام کی جانب سے اسے ایریزونا واپس لانے کے لیے حوالگی کی کارروائی جاری ہے۔ پولیس کے مطابق تفتیش میں مقتولہ کا فون اور کریڈٹ کارڈز مبینہ طور پر ورون کے قبضے میں ہونے سے متعلق معلومات سامنے آئی ہیں۔
پولیس کے مطابق ورون کی جانب سے جولیسا کے اہل خانہ کو بھیجے گئے بعض پیغامات بھی تفتیش کا حصہ ہیں۔ ملزم پر ماضی میں گھریلو تشدد سے متعلق الزامات بھی سامنے آئے ہیں، تاہم موجودہ قتل کیس میں عائد الزامات عدالت میں ثابت ہونا باقی ہیں۔