پاکستانی اداکارہ و ہدایتکارہ انجلین ملک کینسر سے پاک — ہمت، شکرگزاری اور حوصلے کی مثال

“سفر جاری ہے مگر آج میں کینسر سے پاک ہوں” — انجلین ملک کا مداحوں سے جذباتی پیغام، سوشل میڈیا پر دعاؤں اور نیک تمناؤں کی بارش ، انجلین ملک نے اعتراف کیا کہ کینسر کے دوران ہر دن ایک جیسے نہیں ہوتے —
“کچھ دن امید دیتے ہیں اور کچھ خوف، مگر میں نے ہر احساس کا ہمت سے سامنا کیا”۔

پاکستانی اداکارہ اور ہدایتکارہ انجلین ملک نے اپنے مداحوں کو خوشخبری سناتے ہوئے بتایا ہے کہ وہ باقاعدہ ٹیسٹنگ کے بعد کینسر سے پاک قرار دے دی گئی ہیں۔ سوشل میڈیا پلیٹ فارم انسٹاگرام پر شیئر کی گئی ویڈیو میں انجلین ملک نے اپنی جذباتی اور حوصلہ افزا باتوں کے ذریعے اپنے مداحوں کو آگاہ کیا کہ اگرچہ صاف (cancer-free) اسکین ایک بڑی فتح ہے، تاہم مکمل تصدیق کا سفر ابھی جاری ہے, جس میں دو سے پانچ سال اور بعض اوقات دس سال بھی لگ سکتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ وہ آج کے لمحے پر شکر گزار، کل کے لیے تیار اور ہمت نہ ہارنے کے جذبے کے ساتھ آگے بڑھ رہی ہیں۔
اداکارہ کی پوسٹ سامنے آنے کے بعد مداحوں، ساتھی فنکاروں اور چاہنے والوں کی جانب سے نیک تمناؤں، دعاؤں اور مبارکبادوں کا سلسلہ شروع ہوگیا ہے، جبکہ سوشل میڈیا پر انجلین ملک کی بہادری اور حوصلے کو خراجِ تحسین پیش کیا جا رہا ہے۔